بنٹوال 5؍اکتوبر(ایس او نیوز) ہمت اوربہادری کے ایک غیر معمولی واقعہ میں 11سالہ لڑکے نے آخری وقت تک اژدہے سے لڑتے ہوئے اپنے آپ کو اس کے شکنجے سے چھڑانے اور زندہ بچ جانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق کولاکے نامی مقام پر آدرش انگلش میڈیم اسکول کے پانچویں جماعت کا طالب علم وائشاکھ شام کے وقت اپنی نانی کے گھر سے جھاڑیوں سے گھری ہوئی پگڈنڈی پر پیدل واپس لوٹ رہاتھا کہ اچانک ایک بڑے اژدہے نے اس پر چھلانگ لگائی اور جسیے ہی وہ زمین پر گر گیاتو اژدہے نے اس کو دبوچ کراس کے اطراف اپنا گھیرا تنگ کرنے لگا۔مگر اس خطرناک صورتحال میں بھی لڑکا اپنے ہوش و حواس میں رہا اور اپنے آپ کو اس کی گرفت سے چھڑا نے کی کوشش کرتا رہا۔پھر لڑکے کے ہاتھ اور پیروں کو اچھی طرح جکڑنے کے بعدجب اژدہے نے اسے نگلنے کی کوشش کی تو اس نے پاس پڑے ہوئے ایک پتھر کو اٹھاکر اژدہے کے سر اور منھ پر وار کرنا شروع کیا۔ لڑکے کی ہوشمندی اور ہمت کام آئی اور اژدہے کے منھ اورسرپر سخت چوٹ آنے کے ساتھ اس کی ایک آنکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اژدہا اس جوابی حملے سے پریشان ہوگیا اور خود ہی ہمت ہار کر لڑکے کے اطراف کسا ہوا اپنا شکنجہ ڈھیلا کرکے وہاں سے کھسک گیا۔
کہا جاتا ہے کہ اژدہے کے اچانک حملے سے وائشاکھ کی چیخ سن کر ایک لڑکی اس کی مدد کے لئے وہاں پہنچی تھی ، لیکن وائشاکھ نے اسے آگے بڑھنے سے منع کیا تاکہ کہیں اژدہا اس پرنہ جھپٹ پڑے اور خود ہی تنہا اژدہے کے ساتھ اپنی زندگی کی جنگ لڑتا رہاجس میں بالآخر اسے کامیابی ملی۔جس کے بعد ہاتھ پیر اور جسم کے مختلف حصوں پر اژدہے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے وائشاکھ کو نجی اسپتال لے جایا گیا ۔پھر وہاں سے اس کو فادرمولر اسپتال منگلورو منتقل کیا گیا ہے جہاں آئی سی یو میں اس کا علاج کیا جارہا ہے۔